(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ترکی نے 2 سال بعد اسرائیل میں اپنا سفیر مقرر کردیا ہے تاہم اس حوالے سے ترک حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر اعلان جلد متوقع ہے جبکہ اسرائیل نے ابھی تک ترکی میں اپنا سفیر بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا۔
ترکی نے وزارت خارجہ میں اسٹریٹجک ریسرچ سینٹر کے چیئرمین اور ترکش تھنک ٹینک سیتا فاؤنڈیشن کے سربراہ 40 سالہ اوفوک اولوتاش کو اسرائیل میں اپنا سفیر مقررکردیا
فلسطینیوں کے حامی اور ایران سے تعلقات سے متعلق ماہر سمجھے جانے والے اوفوک اولوتاش نے مشرق وسطیٰ سے متعلق متعدد پالیسی پیپرز تحریر کیے ہیں ان کی مشرقی وسطیٰ کے امور پر قابل قدر گرفت ہے ۔
واضح رہے کہ ترکی نے غزہ میں صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینیوں پر وحشیانہ حملوں کے ردعمل میں 2018 میں اسرائیل سے اپنا سفارتکار واپس بلا لیا تھا جس کے جواب میں اسرائیل نے بھی اپنے سفیر ترکی سے واپس بلایا تھا، تاہم اب ترکی نے دو سال کے وقفے کے بعد اسرائیل کیلئےاپنا سفیر نامزد کر دیا ہے۔