(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )غیر ملکی خبررساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش نے اسرائیلی ساختہ جاسوسی کے آلات خریدے جس کو ہنگری سے تیار کردہ ظاہر کیا گیا، جاسوسی کے آلات کا سودا بنکاک کے ایک خفیہ ٹھیکیدار نے کرایا۔
مغرب کے معروف خبررساں ادارے الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی حکومت نے 2018 میں بیک وقت سینکڑوں موبائل فون کی جاسوسی کرنے کے آلات فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل سے خریدے۔
تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بنگلا دیش نے اسرائیل میں مقامی سطح پر تیار کردہ جاسوسی کے آلات کو ہنگری کے تیار کردہ ظاہر کرکے خریدا، اس سودے کو طے کرنے اور ڈلیوری تک کے تمام مراحل میں بنکاک کے ایک خفیہ ٹھیکیدار نے مددفراہم کی۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ صیہونی انٹیلی جنس نے بنگلادیش کے فوجیوں کو ہنگری میں ٹریننگ بھی دی ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کے سرکاری سطح پر فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے ساتھ تعلقات نہیں ہیں۔
