(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی وزیراعظم نے انکشاف کیا ہے کہ امارات اسرائیل میں 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے جو اسرائیلی معیشت کو فروغ دینےمیں معاون ثابت ہوگا۔
صیہونی ریاست کے فوجی ریڈیو کو دیئے گئے انٹرویو میں قابض ریاست کے وزیراعظم نیتن یاھو نے ابوظہبی کے ولی عہدمحمد بن زاید کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کا زکر کرتےہوئے بتایا ہےکہ متحدہ عرب امارات اسرائیل میں مختلف شعبہ جات میں کم سے کم 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہے، ولی عہد ان منصوبوں میں شراکت دار بننا چاہتے ہیں جو کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد اسرائیل کی معیشت کو فروغ دیں گے۔
اپنے متحدہ عرب امارات کے حالیہ دورے کی منسوخی کی وجوہات بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے دورہ کی منسوخی اردن کی جانب سے اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہ دینےکے باعث ہوئی۔
واضح رہے کہ صیہونی ریاست کے وزیراعظم کے اس دعوے پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے کسی قسم کا کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ، امارات نے نہ اس بیان کی تردید کی ہے اور نا ہی تصدیق کی ہے۔