(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج کے مظالم کے خلاف برسرپیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ مسلم شناخت کی حامل مسجد اقصی پر اسرائیلی تسلط سے نہ تو حقیقت کو بدلا جا سکتا ہے نہ بیت المقد س کی مسلم شناخت کو مسخ کیا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی ریاست کی جانب سے مسجد اقصی پر حملے کے پچاس سال مکمل ہونے پر جاری ایک بیان میں حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے بیت المقدس کا جغرافیہ تبدیل کیے جانے اور مسجد اقصی کی شناخت تبدیل کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔
حماس کی جانب سے بیت المقدس کے رہائشی فلسطینی شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ تمام فلسطینی شاباش کے مستحق ہیں جنہوں نے بیت المقدس پر نہ صرف اسرائیلی حملوں کے سامنے مزاحمت کی بلکہ مسجد اقصی کے تقدس کی پامالی کی بیشتر کوششوں کو بھی ناکام بنایا حالانکہ اسرائیل مظالم کا مقابلہ کرنے پر نہ صرف انکو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے پڑے بلکہ اپنی گھروں کی مسماری ا ور بے جا گرفتاریوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
حماس نے مغربی کنارے،بیت المقدس اور غزہ پٹی کے رہائشی فلسطینیوں کو اپنے حوصلے بلند رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ انکے عزم کی مضبوطی ہی ان کو قابض اسرائیلی ریاست کے تسلط سے آزاد کرواسکتی ہے۔