(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) گذشتہ ایک ماہ کے دوران بھارتی قابض فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے بہانے 26 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے جبکہ پولیس شیلنگ، ہوائی فائرنگ، تشدد اور لاٹھی چارج سے 109 کشمیری زخمی ہوئے.
کشمیر میڈیا سروس کی جاری کردہ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں قابض بھارتی فوج نےایک مرتبہ پھر داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں نہتے اور بے گناہ شہریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایااور گھروں میں داخل ہو کراندھا دھند فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو شہید کردیا، شہید وں کے ورثاء کے احتجاج پر قابض فوج کی جانب سے بدترین لاٹھی چارج اور گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
دوسری جانب چند روز قبل قابض بھارتی فورسز کی گولیوں کا نشانہ بننے والا ایک کشمیری نوجوان جو شدید زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میںزیر علاج تھا زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیاجس کے بعد ایک ہی روز میں شہداء کی تعداد 3 ہوگئی ہےجبکہ بھارتی فوج کی لاٹھی چارج سے متعدد زخمی شہری وں کو ہسپتالوں میں طبی امداد دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران بھارتی قابض فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے بہانے 26 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے جبکہ پولیس شیلنگ، ہوائی فائرنگ، تشدد اور لاٹھی چارج سے 109 کشمیری زخمی ہوئےجس کے نتیجے میں وادی کشمیر میں حریت پسند جماعتوں کی کال پر جگہ جگہ مظاہرے اور احتجاج کیے جا رہے ہیں۔
بشکریہ: کشمیر میڈیا سروس