(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قیدی کلب نے مطالبہ کیا کہ اس سے پہلےکہ بہت دیر ہوجائے اقوام عالم ہنگامی بنیادوں پر فلسطینی قیدیوں کی جانیں بچانے کیلیے صہیونی حکمرانوں پر دباؤ ڈالےاور انہیں اسرائیل کے زندانوں سے آزادی دلائے۔
مقبوضہ فلسطین میں قیدیوں کے امور سے متعلق کمیٹی برائے اسیران کےگذشتہ روز جاری بیان میں انکشاف کیا گیا ہے صہیونی زندانوں میں قید سات فلسطینی قیدی اپنی انتظامی غیر قانونی حراست کے خلاف جاری بھوک ہڑتال کےباعث صہیونی ہسپتالوں میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں اور کسی بھی وقت موت کے منہ میں جا سکتے ہیں۔
قیدی کلب کے مطابق سات بھوک ہڑتالیوں میں کاید الفصفوص کی احتجاجی ہڑتال 104 روز سے جاری ہے جبکہ مقداد قواسمی ، 3 ماہ سے زیادہ عرصے سے بھوک ہڑتال کے بعد انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔ ان کے علاوہ علا العراج 80 روز سے ،ھشام ابو ھواش 71 روز سے، شادی ابو عکر 63 روز سے، عیاد ھارئم 34 روز سےجبکہ رافعت ابو ربی 10 روز سے بھوک ہڑتال کے باعث شدید حالات سے گزر رہے ہیں۔
قیدی کلب نے صہیونی جیلوں میں آزادی کیلیے جاری تا دم مرگ بھوک ہڑتال کر نے والے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کیلیے عالمی برادری کی مداخلت کی اپیل کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس سےپہلےکہ بہت دیر ہوجائے اقوام عالم ہنگامی بنیادوں پر فلسطینی قیدیوں کی جانیں بچانے کیلیے صہیونی حکمرانوں پر دباؤ ڈالےاور انہیں اسرائیل کے زندانوں سے آزادی دلائے۔