(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس رہنما نے اپنے مکتوبات میں مرحوم ڈاکٹر قدیر خان کے اہل خانہ کیلیے حماس اور فلسطینی قوم کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایااورکہا کہ ڈاکٹر قدیر خان کی وفات پورے عالم اسلام کے لیے صدمے کا باعث ہے۔
ذرائع کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں صہیونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے والی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹرعبدالقدیرخان کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی وفات کو عالم اسلام کے لیے ایک سانحہ قرار دیا ہے۔
تحریک کےسیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور صدر عارف علوی سمیت صدرڈاکٹرقدیر خان کے اہل خانہ کے نام اپنے الگ الگ مکتوبات میں جوہری سائنسدان ڈاکٹرقدیرخان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر حماس اور پوری فلسطینی قوم کو گہرا صدمہ پہنچا ہے۔
حماس رہنما نے اپنے مکتوبات میں مرحوم ڈاکٹر قدیر خان کے اہل خانہ کیلیے حماس اور فلسطینی قوم کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایااورکہا کہ ڈاکٹر قدیر خان کی وفات پورے عالم اسلام کے لیے صدمے کا باعث ہے، انہوں نے ایٹم بم بنا کرنہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم امہ کے دفاع کے لیے کام کیا۔ ان کی عالم اسلام کے لیے قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔