(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل اور بحرین کے درمیان گذشتہ سال ستمبر میں معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے امن معاہدہ طے پایا تھاجس میں سابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے 15 ستمبر2020ء کو وائٹ ہاؤس میں بحرینی وزیرخارجہ عبداللطیف الزیانی کے ساتھ معاہدۂ ابراہیمی پر دستخط کیے تھے۔
عالمی نشریاتی ادارے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے متحدہ عرب امارات میں اپنے سفارتی مشن کے قائم مقام سابق سربراہ ایتان نائح کو منامہ میں بہ طور سفیر مقرر کر دیا ہے جبکہ اسی ہفتے بحرین کی جانب سے بھی پہل کر تے ہوئے معاہدے کے مطابق خالد یوسف الجلاحمہ نے تل ابیب میں بحرین کے پہلے سفیر کی حیثیت سے اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
اسرائیل نے بحرین کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کے ایک سال بعد اپنے پہلے سفیر کو منامہ میں سفارتی مشن پر تعینات کیا ہے اس سے قبل ایتان نائح آٹھ ماہ تک یواے ای میں اسرائیلی سفارت خانے میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
خیال رہے کہ بحرین امریکا کی ثالثی میں یواے ای کے بعد اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ طے کرنے والا دوسراعرب ملک تھا۔ان دونوں ممالک کے بعد سوڈان اور مراکش نے بھی اسرائیل کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات استوار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اسرائیل اور بحرین کے درمیان گذشتہ سال ستمبر میں معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے امن معاہدہ طے پایا تھاجس میں سابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے 15 ستمبر2020ء کو وائٹ ہاؤس میں بحرینی وزیرخارجہ عبداللطیف الزیانی کے ساتھ معاہدۂ ابراہیمی پر دستخط کیے تھے۔