(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سابق ملیشیئن وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اسرائیلی ریاست کے جرائم اور مظالم کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گذشتہ روزملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نےاپنے ایک بیان میں مقبوضہ فلسطین میں صہیونی مظالم کے خلاف عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ حقیقی اور عملی طور پر فلسطینیوں کی مدد کرے اور انہیں اسرائیل کے مظالم سے نجات دلائیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم 73 سال سے ظلم کا شکار ہےتاہم اب ہم اپنی زندگی میں صہیونی ریاست کے نسل پرستانہ حکمت عملیوں کو زوال پذیر ہوتا دیکھ رہے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ دنیا فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہوجائے اور اسرائیلی ریاست کے جرائم اور مظالم کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی طرف سے اسرائیلی ریاست کے انسانیت کے خلاف جرائم پر مواخذہ نہ ہونے کے نتیجےمیں صہیونی ریاست کے جرائم اور مظالم مزید بڑھ گئے ہیں لہٰذا ہم فلسطینیوں کو ان کے حال پر نہیں چھوڑ سکتے۔ ہمیں فلسطینیوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تحریک کو متحرک کرنا ہوگا۔
انہوں نے عالمی برادری سے فلسطینیوں کے حوالے سے دہرا معیار ترک کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف جو کچھ ہو رہا ہے وہ مغربی جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔