(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) یہ دھماکے جموں ایئرپورٹ پر قائم بھارتی فضائیہ کے ٹیکنیکل ایریا میں ہوئےاور ان بموں کو ڈرون کے ذریعے گرایا گیا۔
تفصیلات کےمطابق گذشتہ روز بھارتی تسلط کا شکار مقبوضہ کشمیر میں جموں ایئرپورٹ پر قائم بھارتی فضائیہ کے اسٹیشن میں ڈرون کی مدد سے گرائے گئے دو بم دھماکوں میں 2 بھارتی اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
بھارتی فضائیہ کے اس ائر بیس ایریا میں ہونے والی بم دھماکا کارروائی میں استعمال ہونے والے موادکا وزن 5 سے 6 کلو بتایا جارہاہے جس سے عمارت کی چھت میں سوراخ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے جبکہ آس پاس کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں، یہ دھماکے پانچ منٹ کے وقفے سے ہوئے جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے تاہم بھارتی اہلکاروں کی جانب سے جائے وقوعہ پر میڈیا سمیت کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔