(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )دس روز قبل اسرائیلی پولیس پر چاقو حملے کے الزام میں گرفتار ہونے والے 14 سالہ فلسطینی بچے ناصم ابو رومی کے والد نے کہا ہے کہ انکی اطلاعات کے مطابق انکا بیٹا دوران حراست اسرائیلی فوج کے تشدد کے باعث شہید ہو چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی پولیس پر چاقو حملے کے الزام میں گرفتار فلسطینی بچے ناصم ابو رومی کے والد مخافہ ابو رومی نے ایک نجی ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا کہ قابض اسرائیلی فوج نے انکے بیٹے کو دوران حراست بھیانک تشدد کر کے شہید کر دیا ہے تاہم اسرائیلی فوج اب اس کا جسد خاکی دینے سے انکاری ہے۔
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ بیٹے کی گرفتار ی کے بعد سے اسرائیلی فوج اور حکام کی جانب سے انکو اور انکے اہل خانہ کو دھمکیاں دینے اور ہراساں کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ پندرہ اگست کو دو فلسطینی بچوں کو مسجد اقصی کے قریب اسرائیلی پولیس پر چاقو حملے کے الزام میں زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا،عینی شاہدین کے مطابق بچوں کو گرفتار کرنے سے پہلے ان پر اسرائیلی فوج نے براہ راست گولیاں بھی برسائی تھیں جن سے وہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔