(روزنامہ قدس ۔خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی نیوی کی جانب سے فلسطینی ماہی گیروں کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری،آج صبح روزگار کے حصول کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال کر کھلے سمندر میں اترنے والے فلسطینی ماہی گیر پر اندھا دھند فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی نیوی نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 21 سالہ فلسطینی ماہی گیر عواد بکر پر اس وقت فائرنگ کردی جب غزہ کے مشرق میں سمندری حدود میں مچھلیوں کے شکار کے لیے موجود تھا۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد اسرائیلی نیوی کے اہل کاروں نے کشتی کو گھیرے میں لینے کے بعد عواد بکر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا اور اسکی کشتی بھی ضبط کرلی۔
یاد رہے کہ روزگار کے حصول کے لیے کھلے سمندر میں اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر اترنے والے فلسطینی ماہی گیروں پر فائرنگ اور انکو گرفتار کر کے انکی کشتیاں اپنے قبضے میں لینا اسرائیلی نیوی کا وطیرہ بن چکا ہے۔جس میں آئے روز شدت آتی جا رہی ہے۔