(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج کے مظالم کے خلاف بر سرپیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے گزشتہ روز مصر کے شہر قاہرہ میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حماس کی جانب سے ایک بیان میں مصر کے دارالحکومت میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک سنگدلانہ عمل ہے اور اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حماس اس مجرمانہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے برادر ملک مصر کی قومی سلامتی کی حمایت کرتی اور مشکل کی گھڑی میں مصری عوام کےساتھ ہے۔
یاد رہے کہ دو روزقبل مصر ی دارالحکومت قاہرہ کے ایک کینسر ہسپتا ل کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 47 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے نے مصر کے محکمہ صحت کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ غلط سمت سے آنے والی ایک کار تین گاڑیوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا ،گاڑیوں کو آگ لگ گئی ۔
