(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )اسرائیل کی بائیں بازوں کی متعدل سیاسی جماعت مارطیز کی جانب اسرائیلی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے سامنے فلسطینی گھروں کی مسماری کے خلاف مظاہرہ کیاگیا۔مظاہرے میں دیگر تنظیموں کے سماجی کارکنان بھی شریک تھے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات بائیں بازوں کی اعتدال پسند اسرائیلی جماعت نے اسرائیل کی جانب سے برپا کردہ فلسطینی گھروں کی مسماری کے حالیہ مہم کے خلاف اسرائیلی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے سامنے مظاہرہ کیا اور فلسطینی گھروں کی مسماری روکے جانے کا مطالبہ کیا۔معروف اسرائیلی سیاست دان اور کینسٹ کے رکن موشے راز نے اس مظاہرے کی قیادت کی۔
مظاہرے میں شریک شرکا نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن میں اسرائیلی بربریت کے خلاف نعرے درج تھے اور اسرائیل سے فلسطینیوں پر برپا کیے جانے والے مظالم روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطینی گھروں کی مسماری اور انکو بے گھر کرنا غیر انسانی عمل ہے جس کی ہر صورت مذمت کرنی چاہئے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی انتظامیہ نے تمام تر بین الاقوامی تنقید اور فلسطینیوں کے احتجاج کو بالائے طاق رکھتے ہوئے چار روزقبل مقبوضہ بیت المقدس کے نواح میں فلسطینیوں کے مکانوں کو مسمار کرنا شروع کردیا ہے۔پیر کی شام سیکڑوں اسرائیلی فوجی اہلکار بیت المقدس کے نواحی علاقے صور باہر میں بلڈوزر اور دیگر بھاری مشینری کے ہمراہ پہنچ گئے اور مکانات کی مسماری کا آغاز کر دیا ۔