(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائلی فوج کے ترجمان نے ایک فلسطینی مزاحمت کا ر کو شہید کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ نوجوان کو شہید کرنا ایک غلطی ہے جس کی تحقیقات کی جائیگی ۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نےایک بیان میں بتایا کہ گذشتہ روز غزہ کےشمالی علاقے بیت حانون میں سرحد کےقریب اسرائیلی فوجیوں نے حماس کے عسکری ونگ کے ایک رکن 28 سالہ محمود الادھم کو غلطی سے گولیوں کا نشانہ بنایا تھا جس میں وہ شہید ہوئے ،اسرائیلی حکام اس واقعےکی تحقیقات کریں گے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے رکن کی شہادت پر غلطی کے اعتراف پر اسرائیلی میڈیا نے آسمان سرپراٹھالیا اور فوجی ترجمان کے بیان کو ‘شرمناک اور بزدلانہ رد عمل قرار دیا۔
خیال رہے کہ کل جمعرات کو غزہ کی شمالی سرحد پر بیت حانون میں اسرائیلی فوجیوںنےفلسطینیوں کےایک گروپ پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا تھا۔ شہید فلسطینی محمود الادھم القسام بریگیڈ کا رکن تھا۔
القسام بریگیڈ نے اپنے کارکن کی شہادت پر تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الادھم قابض صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں جام شہادت نوش کرگیا۔