فلسطین پر صیہونی قبضے کےخلاف ہونے والے ہفتہ وار احتجاج کے دوران صیہونی سیکیورٹی فورسز کے غزہ سمیت فلسطین کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں پر تشدد جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے شہر رام اللہ کے علاقے نعلين میں صیہونی فوج نے احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر دھاوا بولا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے ۔
نعلین گاؤں سے فلسطین میں صیہونی قبضے ،فلسطینی علاقوں میں غیرقانونی یہودی بستیوں کی تعمیر ،انتظامی قید کے نام پر فلسطینیوں کی بے جا گرفتاریوں، غزہ کے غیرقانونی محاصرے، اسرائیل اور بیت المقدس کے درمیان دیوار اور امریکی انتظامیہ کے زیراہتمام مناما میں ہونے والی اقتصادی کانفرنس کے خلاف احتجاجی مارچ شروع ہوا جس میں فلسطینیوں کے علاوہ امن کےلئے سرگرم اسرائیلی اور غیر ملکی کارکنا ن نے شرکت کی ۔
مظاہرین نے فلسطینی پرچموں کے ساتھ غیرقانونی اسرائیلی ریاست کے خلاف نعرے بازی کی جس پر اسرائیلی فوج نے پرامن مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیا چلائیں جس کے نتیجے میں بین القوامی امن کارکنان سمیت متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے بیت المقدس کے شہر قلقیلیہ کے علاقے كفر قدوم میں بھی پر امن احتجاجی ریلی پر آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیا چلائی جس سے درجنوں فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔
