غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جمعہ کے روز اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے سات فلسطینیوں کو گذشتہ روز سپرد خاک کر دیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مشرقی غزہ میں ایک ساتھ ساتھ شہداء کے جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام برپا تھا اور لواحقین سخت صدمے سے نڈھال ہیں۔رپورٹ کے مطابق غزہ کے شہداء الاقصیٰ اسپتال، خان یونس کے ناصر اسپتال اور غزہ سٹی کے الشفاء میڈیکل کمپلیکس سے سات شہداء کے جسد خاکی تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں میں لائے گئے۔ شہداء کی آخری رسومات اور تدفین میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جنازوں کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ لواحقین، خواتین اور بچے، شہداء کے والدین اور بہن بھائی اپنے پیاروں کی جدائی میں غم اور صدمے سے نڈھال ہیں۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز شہید ہونے والے فلسطینیوں کی شناخت 27 سالہ احمدد ابراہیم زکی الطویل، 29 سالہ محمد عبدالحفیظ یوسف اسماعیل، 17 سالہ احمد احمد عبداللہ ابو نعیم، 25 سالہ عبداللہ برجم الدغمہ، 18 سالہ عفیفی محمود عطا عفیفی، 22 سالہ تامر ایاد محمود ابو عرمانہ اور 21 سالہ محمد عصام محمد عباس کے ناموں سے کی گئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز مشرقی غزہ میں البریج پناہ گزین کیمپ میں ہونے والے تصادم میں 252 افراد زخمی ہوئے۔ 85 فلسطینی بندوق کی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 7 کی حالت بدستور تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔