نابلس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی کے دوران ایک فلسطینی شہری کو حراست میں لیا ہے۔ اس پر صیہونی آباد کاروں کو چاقو گھونپ کر زخمی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ریڈیو نے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ صیہونی فوج نے حوارہ چیک پوسٹ کے قریب ایک صیہونی آباد کار کو چاقو گھونپنے میں ملوث 19 سالہ عزام احمد قاسم حج علی کو نابلس کے نواحی علاقے جماعین سے حراست میں لیا۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اسپیشل فورس کے اہلکاروں نے جماعتین میں گھر گھر تلاشی کے دوران دو فلسطینیوں کو حراست میں لیے لیا۔ ایک کی شناخت 19 سالہ احمد قاسم حج علی اور دوسرے کی رامز ھشام حشاش کے نام سے کی گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے دونوں فلسطینیوں کو رات گئے جماعین میں ناکہ لگا کرحراست میں لے لیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی اور کارروائی کی ڈرون کے ذریعے مانیٹرنگ بھی کی گئی۔