رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی حکام نے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے مرکزی رہنما 58 سالہ الشیخ حسن یوسف کو 11 اکتوبر 2018 ء کو رہا کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی حکام کی طرف سے بتایا گیا کہ حماس رہنما الشیخ حسن یوسف کو گیارہ ماہ کے بعد رہا کردیا گیا۔الشیخ حسن یوسف کے صاحبزادے اویس نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا کہ صیہونی حکام کی طرف سے انہیں بتایا گیا ہے کہ الشیخ حسن یوسف کی قید کی مدت ختم ہونے کے بعد انہیں گیارہ اکتوبر کو رہا کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ صیہونی فوج نے فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن الشیخ حسن یوسف کو 13 دسمبر 2017ء کو حراست میں لے لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں چھ ماہ کے لیے انتظامی قید کے تحت جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔ بعد ازاں ان کی مدت میں مزید توسیع کردی گئی تھی۔ یہ ان کی پہلی گرفتاری نہیں بلکہ وہ اس سے قبل 21 سال صیہونی زندانوں میں قید وبند کی صعوبتیں اٹھا چکے ہیں۔