مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطین میں بسائے گئے صیہونی آباد کاروں کی طرف سے اسلحہ کے حصول کے رحجان میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی اخبار "ہارٹز” کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ عرصے کے دوران صیہونی آباد کاروں کی طرف سے اسلحہ کے حصول کے لیے دی گئی درخواستوں میں 183 فی صد اضافہ دیکھا گیا۔عبرانی اخبار کے مطابق یہودیوں کی طرف سے اسلحہ کے حصول کی درخواستوں میں اضافہ دراصل حکومت کی طرف سے دی گئی اس سہولت کا نتیجہ ہے جس کے تحت صیہونیوں کو آسان شرائط پر اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ چند ماہ قبل اسرائیلی داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد اردان نے صیہونی آباد کاروں کے لیے اسلحہ کے حصول کو مزید سہل بنانے کے لیے شرائط میں نرمی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
گیلاد اردان نے اگست میں صیہونی آباد کاروں کو فلسطینیوں کے خلاف لڑنے کے لیے اسلحہ کے حصول کا مجاز قرار دیا تھا اورکہا تھا کہ سرحدی علاقوں میں بسائے گئے آباد کار اپنے دفاع کے لیے اسلحہ حاصل کریں اور اسلحے کے استعمال کی تربیت بھی حاصل کریں۔
اخباری رپورٹ کے مطابق حالیہ مہینوں کے دوران 2800 عام صیہونی آباد کاروں نے اسلحہ کے حصول کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ گذشتہ برس ی نسبت یہ تعداد 183 فی صد زیادہ ہے۔