رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے مرکزی رہنما 58 سالہ الشیخ حسن یوسف کو 11 اکتوبر 2018 ٓء کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل کو اسرائیلی حکام کی طرف سے بتایا گیا کہ حماس رہنما الشیخ حسن یوسف کو گیارہ ماہ کے بعد رہا کیا جا رہا ہے تاہم ان کی رہائی کے فیصلے پر 11 اکتوبر کو عمل درآمد کیا جائے گا۔الشیخ حسن یوسف کے صاحبزادے اویس نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی حکام کی طرف سے انہیں بتایا گیا ہے کہ الشیخ حسن یوسف کی قید کی مدت ختم ہونے کے بعد انہیں گیارہ اکتوبر کو رہا کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن الشیخ حسن یوسف کو 13 دسمبر 2017ء کو حراست میں لے لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں چھ ماہ کے لیے انتظامی قید کے تحت جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔ بعد ازاں ان کی مدت میں مزید توسیع کردی گئی تھی۔ یہ ان کی پہلی گرفتاری نہیں بلکہ وہ اس سے قبل 21 سال صیہونی زندانوں میں قید وبند کی صعوبتیں اٹھا چکے ہیں۔