رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں بدھ کے روز اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں 15 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی فوجیوں اور پولیس نے غرب اردن اور بیت المقدس میںفلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی کی آڑ میں گھروں میں لوٹ مار اور توڑپھوڑ کی گئی۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں اعتراف کیاگیا ہے کہ بدھ کے روز پندرہ فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے بعض فلسطینی اسرائیلی فوج اور صیہونی آباد کاروں پر حملوں اور مزاحمتی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔
"قدس پریس” کے نامہ نگار کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہر قلقیلیہ میں کفر سابا، رام اللہ میں صفا اور بیت لحم میں حوسان اور الخضر قصبوں میں چھاپے مارے گئے۔ اسرائیلی فوج نے چھاپوں میں متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
ادھر بیت المقدس میں العیسویہ اور شعفاط پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی تلاشی کی کارروائیوں میں 7 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔