تیونس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) تیونس کے صدر الباجی قائد السبسی کی دعوت پر فلسطینی کم عمر مزاحمت کارہ عہد تمیمی تیونس پہنچ گئی ہیں۔ عہد حالیہ ایام میں یورپی ممالک کے دورے پر تھیں جہاں مختلف تنظیموں کی طرف سے انہیں مدعو کیا گیا تھا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تیونسی ایوان صدر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عہد تمیمی کو صدر السبسی کی طرف سے باضابطہ طور پر دعوت پیش کی گئی تھی۔ وہ صدر مملکت کی دعوت پر تیونس پہنچی ہیں۔ادھر اناطولیہ نیوز ایجنسی کے مطابق تیونس کی شعبہ اطلاعات کی انچارج عائدہ القلیبی نے کہا ہے کہ عہد التمیمی نے گذشتہ روز صدر السبسی سے قرطاج محل میں ملاقات کی۔
خیال رہے کہ عہد تمیمی سوموار کی شام تیونس کے قرطاج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی تھیں جہاں اس کا سرکاری سطح پر استقبال کیا گیا۔
خیال رہے کہ 19 دسمبر 2017ء کو اپنے گھر میں داخل ہونے والے صیہونی فوجیوں کو دھکے دے کرباہر نکالنےاور بد تمیزی پر تھپڑ مارنے کے الزام میں اسرائیلی فوج نے عہد تمیمی اور اس کی والدہ کو حراست میں لے لیا تھا۔ دونوں کو آٹھ ماہ تک پابند سلاسل رکھا گیا۔ عہد تمیمی کی اس جرات پر فلسطینی اور عرب اقوام میں اسے مزاحمت کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔