میڈریڈ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسپانیہ کے مشہور فٹ بال کلب ’ریال میڈریڈ ایف سی‘ کی جانب سے فلسطینی جہد کارہ اور کم عمر مزاحمت کارہ عہد تمیمی کے استقبال پر اسرائیلی حکام چراغ پا ہیں۔ اسرائیلی حکام کی طرف سے عہد تمیمی کا ’سانتیاگو برنابیو‘ میں قائم ریال میڈریڈ کے صدر دفتر میں عہد تمیمی کے استقبال پر سخت غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عہد تمیمی 29 جولائی کو اسرائیل جیل سے رہائی کے بعد یورپی ملکوں کے دورے پر ہے جہاں گذشتہ روز اسپین کے فٹ بال کلب ’ریال میڈریڈ‘ کی ٹیم نے اس کا اپنے دفتر میں والہانہ استقبال کیا۔عہد تمیمی کا استقبال کرنے والوں میں سابق شاہی فٹ بالر اور کلب میں تعلقات عامہ کے موجودہ ڈائریکٹر ایمیلیو بوٹرا گینیو بھی شامل تھے۔ اس موقع پر انہوں نے عہد تمیمی کو ریال میڈریڈ کی علامتی شرٹ پر کی پشت پر 9 کا عدد تحریر ہے بھی تحفے میں پیش کی۔
خیال رہے کہ 19 دسمبر 2017ء کو اپنے گھر میں داخل ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کو دھکے دے کر باہر نکالنے اور بد تمیزی پر تھپڑ مارنے کے الزام میں اسرائیلی فوج نے عہد تمیمی اور اس کی والدہ کو حراست میں لے لیا تھا۔ دونوں کو آٹھ ماہ تک پابند سلاسل رکھا گیا۔ عہد تمیمی کی اس جرات پر فلسطینی اور عرب اقوام میں اسے مزاحمت کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ادھر اسرائیلی ریڈیو نے وزارت خارجہ کے ترجمان عمانویل نحشون کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ اسپانوی فٹ بال کلب کی جانب سے عہد تمیمی کے استقبال کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلیوں کے خلاف تشدد کے حربے استعمال کرنے والوں کا استقبال باعث شرم ہے اور کرکٹ کی اقدار کے خلاف ہے۔
ادھر عبرانی ٹی وی 10 نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسپین میں اسرائیلی سفیر ڈینیل کوٹنر کاکہنا ہے کہ عہد تمیمی امن کے لیے لڑنے والی نہیں بلکہ وہ تشدد کی مرتکب ہیں۔ جو ادارے اس کا استقبال کررہے ہیں وہ تشدد کوفروغ دیتے اور ڈائیلاگ اور مفاہمت کی نفی کرتے ہیں۔