غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ فلسطین کے استقامتی گروہوں کے فوجی شعبے فلسطینیوں کے واپسی مارچ کے خلاف صیہونی دشمن کے جرائم پر ردعمل کے طریقوں پر غور کر رہے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان داؤد شہاب نے فلسطین کے انفارمیشن سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی دشمن کے جرائم پر ردعمل، حق واپسی مارچ کا دفاع اور غزہ کا محاصرہ توڑنا فلسطینیوں کا قانونی حق ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ایل او نے غزہ کو نجات دلانے کی کوششوں کو شکست سے دوچار کر دیا جبکہ غزہ کی موجودہ صورت حال اور صیہونی دشمن کے جرائم میں عرب اور بین الاقوامی فریق بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ جمعے کو فلسطینیوں کے واپسی مارچ پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت میں سات فلسطینی شہید اور پانچ سو سے زائد دیگر زخمی ہو گئے تھے اور اس واقعے کے بعد فلسطین کے استقامتی گروہوں نے صیہونی دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے طریقوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس تشکیل دیا ہے۔
غزہ کے عوام کا واپسی مارچ کا سلسلہ تیس مارچ سے جاری ہے جس پر صیہونی فوجیوں کی جاری جارحیت میں اب تک ایک سو نوّے سے زائد فلسطینی شہید اور بیس ہزار سے زائد دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔