نیویارک (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) یورپی ہائی کمیشن نے فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ کے لیے 40 ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے ’اونروا‘ کے لیے اضافی امداد کا اعلان نیویارک میں فلسطینی پناہ گزین ایجنسی کے اجلاس کے موقع پر کیا گیا۔’اونروا‘ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے دی جانے والی امداد فلسطینی پناہ گزینوں کے بچوں کی تعلیم، ان کی صحت اور دیگر بنیادی اہمیت کے حامل منصوبوں پر صرف کی جائے گی۔
ریلیف ایجنسی ’اونروا‘ کا کہنا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے اسکولوں میں زیرتعلیم بچوں کی تعدادÂ پانچ لاکھ سے زائد ہے اور ان کے لیے تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات کے لیے بجٹ کی فراہمی ناگزیر ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے دی جانے والی امداد میں سے ساڑھے تین ملین پناہ گزینوں کی طبی امداد اور اڑھائی لاکھ پناہ گزینوں کی غربت دور کرنے کے لیے مدد کی جائے گی۔
قبل ازیں نیو یارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے 10 کروڑ 18 لاکھ ڈالر کی امداد کا وعدہ کیا گیا ہے۔ یہ رقم فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف ایجنسی ’اونروا‘ کو درپیش 68 ملین ڈالر کی قلت کو پورا کرنے کے لیے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
’اونروا‘ کے ترجمان سامی مشعشع نے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ روز اقوام متحدہ کی اپیل پر امداد دینے والے ملکوں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اردن، ترکی، جاپان، سویڈن اور یورپی گروپ نے شرکت کی۔ یہ اجلاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر منعقد ہوا۔
اجلاس میں شریک ملکوں نے فلسطینی پناہ گزینون کی ریلیف کے ذمہ دار ادارے’اونروا‘ کو 118 ملین ڈالر کی امداد دینے کے وعدے کئے گئے۔ اس موقع پر بعض ممالک کی طرف سے کہا گیا کہ وہ ’اونروا‘ کے لیے امدادی رقم کا بعد میں اعلان کریں گے۔