غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد پر قابض اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے ایک فلسطینی نوجوان کو شہد کردیا۔ فائرنگ سے 20 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ مشرقی غزہ میں رات گئے فلسطینیوں نے اسرائیل کے خلاف ریلی نکالی۔ فلسطینیوں کے احتجاجی مظاہرے کو کچلنے کے لیے اسرائیلی فوج نے طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 21 سالہ نوجوان سرمیں گولی لگنے سے شہید ہوگیا۔ شہید فلسطینی نوجوان کی شناخت عماد اشتیوی کے نام سے کی گئی ہے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب غزہ کی سرحد پر فلسطینیوں نے ٹائر جلا رکھے تھے اور وہ اسرائیلی فوج پر سنگ باری کررہے تھے۔
خیال رہے کہ 30 مارچ سے فلسطینی شہری ’حق واپسی‘ کے لیے غزہ کی سرحد پر مظاہرے کرتے ہیں۔ ان فلسطینیوں کو سنہ 1948ء کے دوران ان کے گھروں سے نکال دیا تھا اور وہ پون صدی سے غزہ میں مہاجر کے طور پر زندگی گذار رہے ہیں۔
تیس مارچ کےبعد اسرائیلی فوج اور فلسطینی مظاہرین میں سرحد پر پُرتشدد جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور تشدد کے نتیجے میں 186 فلسطینی شہید اور بیس ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔