غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے صدر محمود عباس کو خبردار کیا ہے کہ وہ غزہ کے عوام کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے باز رہیں۔ صدر عباس اور فلسطینی اتھارٹی کی کوئی بھی حماقت سنگین نتائج کا موجب بن سکتی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ محمود عباس اور ان کی ٹیم غزہ کے عوام کے خلاف انتقامی اقدامات سے باز رہیں۔ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو اس کے نتیجے میں فلسطین میں ایک نیا اور سنگین دور شروع ہوسکتا ہے جو اپنی سنگینی کے اعتبار سے فلسطینی اتھارٹی کی اور اس پلاننگ سے بھی بہت آگے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اور صدر عباس نے غزہ کے عوام کے خلاف اقدامات میں تمام حدود، اقدار، اصولوں اور اخلاقیات کو پامال کیا ہے۔ محمود عباس کے اقدامات دشمن کے ساتھ غزہ کے عوام کو مشکلات میں ڈالنے کا ساز باز ہیں اور فلسطینیوں کی مزاحمت کو دبانے کی کوشش ہے۔
فوزی برھوم کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام کے خلاف کوئی بھی انتقامی کارروائی آگ سے کھیلنے کے مترادف اور سنگین حماقت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام اس وقت سنگین مشکلات کی وجہ سے سخت غم و غصے میں ہیں۔ ایسے میں غزہ کے عوام کے خلاف کوئی بھی انتقامی کارروائی سنگین نتائج پرمنتج ہو سکتی ہے۔