مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے عبرانی اخبار’یسرائیل ھیوم‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دنیا بھر سے 15 ہزار انجیلی مسیحی یہودیوں کے مذہبی تہوار’عُرش‘ میں شرکت کے لیے مقبوضہ بیت المقدس پہنچ رہے ہیں۔ یہ انجیلی عیسائی 100 ملکوں سے عبرانی ریاست کے 70 سال پورے ہونے کی مناسبت سے جمع ہو رہے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انجیلی عیسائیوں کی یہ اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے جو اسرائیل میں یہودی تہوار میں شرکت کے لیے القدس پہنچ رہے ہیں۔ صیہونی حکام کا کہنا ہے کہ مذہبی تہوار اقتصادی حوالے سے بھی مفید ثابت ہوگی اور توقع ہے کہ 2 کروڑ ڈالر کا ریونیو حاصل ہوسکتا ہے۔عبرانی اخبار کے مطابق یہودیوں کا یہ مذہبی تہوار 23 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گا۔
اسرائیل میں عیسائی سفارت کا یورجن بولر نے کہا کہ دنیا بھر میں انجیلی عیسائی اسرائیل کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کی دنیا بھر میں تعداد 60 کروڑ کے لگ بھگ ہے جو اسرائیل کی سیاسی، اخلاقی اور مالی سپورٹ میں بھی پیش پیش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انجیلی عیسائی غیرجانب دار ممالک میں کثیر تعداد میں آباد ہیں۔ افریقا، ایشیا، جنوبی امریکا اور فلسطین میں بھی ان کے پیروکار موجود ہیں۔
اسرائیل میں انجیلی عیسائی سفارت خانے کا قیام سنہ 1980ء میں عمل میں آیا۔ یہ سفارت خانہ القدس میں اس وقت قائم کیا گیا جب بہت سے ممالک نے اپنے سفارت خانے بیت المقدس سے باہر منتقل کردیے تھے۔
انجیلی عیسائیوں کے دنیا میں اپنے سافرت خانے ہیں جو دنیا کے 85 ملکوں میں ان کے نمائندہ دفاتر اور 160 ملکوں میں سرگرمیاں موجود ہیں۔