رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی سے چھوڑا گیا ایک آتش گیر غبارہ سرحد کی دوسری جانب اسرائیلی کنیسٹ (پارلیمنٹ) کے ایک رُکن کے گھر پر جا گرا جس کے نتیجے میں مکان میں آگ بھڑک اٹھی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی چینل ’ریچ کے اے این‘ کی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اتوار کو علی الصباح ایک آتش گیر غبارہ جلے ہوئے ٹائر کے ساتھ ’فیوچر‘ موومنٹ ے رہنما اور رکن کنیسٹ حاییم کے مکان میں جا گرا جس کے نتیجے میں مکان کے صحن میں آگ لگ گئی۔خیال رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی سے فلسطینی شہری گیسی غبارے اور آتش گیر کاغذی جہاز سرحد کی دوسری طرف پھینکتے رہے ہیں، جس کے نتیجے میں اب تک 32 ہزار دونم رقبہ جل کر خاکستر ہوچکا ہے۔ آتش زدگی کے نتیجے میں صیہونی ریاست اب تک ڈیڑھ کروڑ ڈالر سے محروم ہوگئی ہے۔