مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی آباد کاروں اور اسرائیلی پولیس کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا اشتعال انگیز سلسلہ جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اسرائیل کے ایک پولیس افسر کو شراب کی بوتلیں ہاتھ میں اٹھائے مسجد اقصیٰ اور قبۃ الصخرۃ میں گھومتے دیکھا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب فلسطینی عوام نے اسرائیلی پولیس اہلکار کی اشتعال انگیز حرکت پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹرالشیخ عزام الخطیب نے اسرائیلی پولیس اہلکار کی اشتعال انگیز حرکت کو فلسطینی قوم اور مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی مجرمانہ کوشش قرار دیا ہے۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ کی سرپرستی کرنے والی اردنی حکومت اور فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ میں شراب لے کر داخل ہونے کے اشتعال انگیز واقعے کا نوٹس لیں اور اس مجرمانہ اقدام میں ملوث صیہونی اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسی اسرائیلی پولیس اہلکار کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں شراب کی بوتلیں لے کرداخل ہونا صیہونی آباد کاروں کو حرمین شریفین کے بعد مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین میں ہرطرح کی بے ہودگی اور اشتعال انگیزی کی ترغیب دینے کے مترادف ہے۔
الشیخ عزام الخطیب کا کہنا تھا کہ کسی اسرائیلی پولیس اہلکار کا کھلے عام مسجد اقصیٰ میں شراب لے کرجانا صیہونی ریاست کے منفی اور خطرناک عزائم کی نشاندہی کرتا ہے۔ ایک طرف مسلمانوں کو قبلہ اوّل میں عبادت کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ مسلمان نمازیوں کو کئی کئی ماہ کے لیے مسجد اقصیٰ سے بے دخل کیا جاتا اور مقدس مقام کے محافظوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے جب کہ دوسری طرف صیہونیوں کو قبلہ اوّل کی بے حرمتی کی کھلی چھٹی دی گئی ہے۔