رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے صیہونی فوجیوں کو تھپڑمارنے سے شہرت حاصل کرنے والی دو شیزہ عہد تمیمی، اس کے والد باسم اوعر والدہ ناریمان کو بیرون ملک سفر سے روک دیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عہد تمیمی کے والد باسم تمیمی نے خبر رساں ادارے ’اناطولیہ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اردن کے راستے یورپ کے سفر پر جا رہے تھے جہاں انہیں مختلف تقریبات میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا تھا مگر صیہونی حکام نے انہیں بیرون ملک سفر سے روک دیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بیرون ملک سفر کے تمام انتظامات مکمل تھے اور ہمیں جمعہ کے روز اردن کے لیے روانہ ہونا تھا مگر فلسطینی حکام کی طرف سے ہمیں بتایا گیا کہ اسرائیلی انتظامیہ نے ہمارے بیرون ملک سفر پر پابندی لگا دی ہے۔
خیال رہے کہ 19 دسمبر 2017ء کو اپنے گھر میں داخل ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کو دھکے دے کرباہر نکالنے اور بد تمیزی پر تھپڑ مارنے کے الزام میں اسرائیلی فوج نے عہد تمیمی اور اس کی والدہ کو حراست میں لے لیا تھا۔ دونوں کو آٹھ ماہ تک پابند سلاسل رکھا گیا۔ عہد تمیمی کی اس جرات پر فلسطینی اور عرب اقوام میں اسے مزاحمت کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔