مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نےانکشاف کیا ہے کہ صہیونی حکومت اور افریقی ملک چاڈ کے درمیان گذشتہ تین ماہ کے دوران متعدد بار خفیہ مذاکرات ہوئے ہیں۔ ان مذاکرات میں دونوں ملکوں نے سفارتی تعلقات کے قیام پر بات چیت کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ٹی وی چینل 7 نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ چاڈ کے ساتھ سفارتی تعلقات کا قیام اسرائیل کے مفاد میں ہے۔ اگر چاڈ اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرتا ہے نیجر اورمالی کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔عبرانی ٹی وی چینل نے بتایا ہے کہ چاڈ کے صدر ادریس دیبی انٹو نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کو ایک خفیہ مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی اہمیت کا اعتراف کیا ہے۔
خیال رہے چاڈ نے چالیس سال قبل عرب ممالک کے دباؤ پر اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کردیے تھے۔