مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی نام نہاد سپریم کورٹ نے مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے ’الخان الاحمر‘ کو ایک ہفتے کے اندر مسمار کرنے اور وہاں پر موجود فلسطینی آبادی کو بے دخل کرنے کا ظالمانہ حکم دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیت المقدس کے ایک مقامی سماجی رہنما ولید عساف نے بتایا کہ اسرائیل کی اپیل کورٹ نے اسرائیلی فوج اور دیگر اداروں کو الخان الاحمر کو طاقت کے ذریعے خالی کرانے کا مکمل اختیار دیا ہے اور کہا ہے کہ فلسطینی آبادی کو وہاں سے بے دخل کردیا جائے۔عدالت کا کہنا ہے کہ ایسی حالت میں قانونی اقدامات کا نفاذ ضروری ہوجاتا ہے۔ اگر فلسطینی الخان الاحمر میں جمع ہونے کے بعد مکانات کی مسماری روکتے ہیں انہیں وہاں سے ہٹانا پولیس اور فوج کی ذمہ داری ہے۔
خیال رہے کہ الخان الاحمر بیت المقدس کا ایک نواحی قصبہ ہے جسے اسرائیلی فوج متعدد بار مسمار کرچکی ہے۔ چند ہفتے قبل اسرائیلی فوج نے الخان الاحمر پر دھاوا بولا اور فلسطینیوں کے مکانات کی مسمارکے ساتھ مقامی آباد کو بے دخل کرنے کے لیے انہیں ہولناک تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
بعد میں معاملہ اسرائیلی عدالت پہنچا جہاں گذشتہ روز صیہونی عدالت نے الخان الاحمر کے فلسطینی باشندوں کو بے دخل کرنے کا ظالمانہ فیصلہ دیا ہے۔ فلسطین بھر میں اسرائیلی عدالتی فیصلے کے خلاف احتجاج اور مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔