الخلیل (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے ایک فلسطینی شہری کو مسلسل 15 سال جیل میں قید رکھنے کے بعد گذشتہ روز رہا کر دیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے تعلق رکھنے والے امین حمدی الرجبی کو 15 سال قید میں رکھنے کے بعد رہا کیا گیا۔الرجبی کو اسرائیلی جیل سے رہا کرنے کے بعد الخلیل میں الظاھریہ چیک پوسٹ پر لایا گیا جہاں اسے اس کے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا۔ امین الرجبی کی رہائی خبر سن کر شہریوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے الظاھریہ چیک پوسٹ پر جمع ہوگئی تھی جہاں سے رہائی پانے والے فلسطینی شہری کو ایک قافلے کی شکل میں ان کے گھر تک لایا گیا۔ گھر میں بھی جشن کا سماں تھا اور شہری بڑی تعداد میں مبارک باد دینے وہاں جمع تھے۔
خیال رہے کہ الرجبی کو اسرائیلی فوج نے 2003ء میں حراست میں لینے کے بعد اس پر اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ساتھ تعلق کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا اور اسی مقدمہ میں اسے پندرہ سال قید کی سزا سنائی تھی۔