کولالمپور (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ملائیشیا میں عظیم الشان دفاع مسجد اقصیٰ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے علماء، دینی اور سیاسی شخصیات سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ملائیشیا کی شمالی ریاست قدح میں یہ عظٰیم الشان الاقصیٰ کانفرن مذہبی جماعتوں کی مشاورتی کونسل’مابیم‘ کے زیراہتمام منعقد کی گئی۔اس موقع پر مسجد اقصیٰ کی مختلف تاریخی تصاویر، تعلیمی اور دینی لٹریچر اور مسجد اقصیٰ کی اسلام اور عالم اسلام میں اہمیت کے حوالے سے کتب کی نمائش بھی کی گئی۔
کانفرنس میں قدح ریاست کے سرکاری مندوبین، وزراء اسلامی کونسل کے ارکان، مساجد کے خطباء اور آئمہ کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے القدس فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شریف ابو شمالہ نے قبلہ اوّل کو لاحق خطرات، امریکی سازشوں، القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اثرات اور دفاع الاقصیٰ کے حوالے سے عالم اسلام کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔