غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) غزہ میں فلسطینیوں کے صیہونی مخالف اجتماع پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں کم از کم پچّیس فلسطینی زخمی ہو گئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ قابض صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غزہ کے شمال میں بیت حانون گذرگاہ کے قریب واقع ایرز میں واپسی مارچ سے مربوط سرگرمیوں کے لئے کئے جانے والے فلسطینیوں کے اجتماع پر اندھادھند فائرنگ کر دی۔واضح رہے کہ فلسطینیوں کا واپسی مارچ پرامن طریقے سے تیس مارچ یوم الارض سے مسلسل جاری ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فلسطینیوں نے یہ اجتماع فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے آنروا کی مالی امداد منقطع کئے جانے کی مذمت میں بھی کیا تھا۔
امریکی وزارت خارجہ نے فلسطینیوں کے لئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انروا کی امداد منقطع کر دی ہے تاکہ فلسطینیوں کو سینچری ڈیل پر مجبور کیا جاسکے۔ اس منصوبے میں بیت المقدس کو صیہونی حکومت کے حوالے کئے جانے کی بات کہی گئی ہے جبکہ فلسطینیوں کو وطن واپسی کا بھی حق حاصل نہیں ہو گا اور فلسطینی صرف غزہ اور غرب اردن کے کچھ علاقوں تک محدود ہو جائیں گے۔
فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان نے صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں پچّیس فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی خبر کی تصدیق کی ہے۔