غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے غزہ کی پٹی کے قائد یحییٰ السنوار نے کہا ہے کہ غزہ کی ناکہ بندی کا مکمل خاتمہ ان کی جماعت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حماس صیہونی ریاست کے ساتھ کوئی سیاسی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ میں ایک طلباء سیمینار سے خطاب میں یحییٰ السنوار نے کہا کہ حماس قومی مصالحت، غزہ کی ناکہ بندی کو مکمل طور پر ختم کرنے اور فلسطینی قوم کے مسائل اور حقوق کی جنگ لڑنے کے لیے پرعزم ہے۔ تاہم فلسطینی قوم کے حقوق کی قیمت پر اسرائیل کے ساتھ کوئی سیاسی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جب مصالحتی مذاکرات بند گلی میں داخل ہوگئے تو غزہ میں بحران کھڑے کرنے کے لیے ایسے واقعات پیدا کیے گئے مگرغزہ میں فلسطینیوں کی تحریک حق واپسی نے ان سازشی منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔
حماس رہنما کا کہنا تھا کہ بعض علاقائی ممالک فلسطینی دھڑوں میں مصالحت نہیں چاہتے۔ ہم نے مصالحت کو ناکام بنانے کی تمام سازشیں ناکام بنا دی ہیں مگر افسوس کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ فلسطینی دھڑوں میں مصالحت نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی دھڑوں میں مصالحت ناکام بنانے والوں میں اسرائیل ، اس کےخفیہ ادارے اور بعض علاقائی ممالک بھی پیش پیش ہیں۔
یحیٰی السنوار کا کہنا تھا کہ غزہ کی ناکہ بندی کا مکمل خاتمہ ان کی جماعت کی اولین ترجیح ہے اور حماس کی قیادت نے غزہ کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا تہیا کر رکھا ہے۔