غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے صدر محمود عباس کی قیادت میں قائم فلسطینی اتھارٹی کو قومی مصالحتی کوششوں کو ناکام بنانے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ محمود عباس کا قومی مصالحت کے لیے مصر کی طرف سے جاری کوششوں میں تعاون نہ کرنا قضیہ فلسطین کے تصفیے کی امریکی اور صیہونی سازشوں میں دشمن کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔بیان میں کہا گیاہے کہ حماس فلسطینی قوم کے ساتھ ہے اور وہ فلسطینی اتھارٹی کو امریکا اور اسرائیل کے مذموم عزائم فلسطینیوں پر مسلط کرنے اور قضیہ فلسطین کا تصفیہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
خیال رہے کہ فلسطینی دھڑوں کے درمیان مصر کی کوششوں سے مصالحتی کوششیں جاری ہیں۔ حماس اور فتح کی قیادت قاہرہ کے میراتھن دورے جاری رکھے ہوئے ہے مگر صدر عباس اور تحریک فتح کی جانب سے مصالحتی عمل کو مسلسل سبوتاژ کیا جا رہا ہے۔