غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے امریکا کی جانب سے ترکی کے خلاف انتقامی پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انقرہ کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے ٹوئٹر پر پوسٹ ایک بیان میں کہا کہ امریکا نے ترکی کے خلاف معاشی جنگ شروع کر رکھی ہے۔ فلسطینی قوم اور حماس ترک حکومت اور قوم کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترکی نے ہمیشہ فلسطینی قوم اور قضیہ فلسطین کی اصولی حمایت کی ہے۔ حماس ترکی کے قضیہ فلسطین کے حوالے سے مثبت کردار کی ہمیشہ تحسین کرتی ہے۔
انہوں نے ترکی کی دن دگنی اور رات چگنی ترقی کی خواہش کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ امریکا نے ترکی میں گرفتار ایک پادری جاسوس کی وجہ سے ترکی پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ ترکی کی مصنوعات پر ٹیرف میں اضافہ کرنے کے ساتھ بعض دوسرے انتقامی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پادری کی گرفتاری اور اسے جیل کی سزا ترکی کو مہنگی پڑے گی۔ ہم ترکی کا گلا گھوںٹ دیں گے۔