غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) عالمی بنک کی طرف سے فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی کے عوام کی بہبود بالخصوص نوجوانوں کی بحالی کے لیے 17 ملین ڈالر کے امدادی پیکیج کی منظوری دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عالمی بنک کی طرف سے غزہ کے لیے منظور کردہ گرانٹ نوجوانوں کے لیے روزگار اور دیگر منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔اس رقم سے غزہ کی پٹی کے 4400 نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ پروجیکٹ کے تحت ملازمت کے مواقع مردو خواتین میں مساوی رکھے گئے ہیں۔ یہ رقم غزہ کی پٹی میں امدادی اداروں اور غیر سرکاری این جی اوز کے ذریعے صحت، تعلیم، معذوروں کی بحالی اور عمر رسیدہ افراد کی بہبود پر صرف کی جائے گی۔
غزہ کی پٹی کے نوجوانوں کے لیے منظور کردہ عالمی بنک کی امدادی رقم کے ذریعے انٹرنیٹ پر روزگار کے مواقع بھی شامل ہیں۔ آن لائن روزگار کے 750 مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت 18 سے 34 سال کے نوجوانوں کو روزگار اور چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے لیے امداد فراہم کی جائے گی۔