مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت ایک سیکیورٹی اہلکار نے گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے العیزریہ میں گولیاں مار کر ایک فلسطینی نوجوان کو قتل کرڈالا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے ایک اہلکار کی جانب سے فلسطینی شہری کے قتل کے بعد شہریوں میں سخت غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ فلسطینی پولیس اہلکار نے 24 سالہ عودہ ابراہیم ابو عصیدہ کو گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
فلسطینی اتھارٹی کے اہلکار کی جانب سے شہری کے قتل کے بعد مقامی آبادی نے ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور قاتل کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔