مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے ایک کثیرالاشاعت عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں اس نے یہودی قومیت کے متنازع قانون کی مخالفت کرنے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نیتن یاھو کے مقرب ایک شدت پسند لیڈر ناتان ایشل نے ایک بیانÂ میں کہا کہ اگر دروز فرقے کو اسرائیل کو یہودی ریاست قرار دینے کے متنازع قانون پر اعتراض ہے انہیں اپنی ریاست قائم کرنے کے لیے شام چلے جانا چاہیے۔ایشل کا یہ بیان اسرائیلی صحافی امنون ابراموفوٹیچ نے نقل کیا جسے بعد ازاں یدیعوت احرونوت اخبار میں شائع کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہودی قومیت کے قانون میں ترمیم کی کوئی تجویز قبول نہیں کی جائے گی۔ اگرکسی طبقے یا شخص کو اسرائیل کو یہودی ریاست قرار دینے کا قانون منظور نہیں اسے چاہیے کہ شام چلے جانا چاہیے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی پارلیمنٹ نے ایک متنازع قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت اسرائیل کو پوری دنیا کے یہودیوں کا قومی اور نظریاتی ملک قرار دیا گیا ہے۔ اس متنازع اور کالے قانون پر فلسطینی اور عالمی سطح پر شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔