غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے تحریک فتح کے رہنماؤں کے مفاہمت مخالف غیر ذمہ دارانہ بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ تحریک فتح علاقائی، قومی اور عالمی سطح پر فلسطینیوں میں ہونے والی مصالحانہ کوششوں کو سبوتاژ کرنے میں ملوث ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے عوام کے مصائب وآلام کی ذمہ دار اسرائیل کے ساتھ ساتھ تحریک فتح بھی ہے۔ اس وقت حماس، مصر کی برادر حکومت اور دیگر علاقائی اور عالمی قوتیں غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کے لیے سرگرم ہیں مگر تحریک فتح کا کردار منافقانہ اور معاندانہ ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک فتح کا طرز عمل قومی مفاہمت کی راہ میں رکاوٹ ہونے کے ساتھ ساتھ غزہ کی ناکہ بندی کو مزید سخت کرنے کی کوشش ہے۔ تحریک فتح کی قوم دشمن پالیسی کے نتیجے غزہ میں ناکہ بندی سخت اور انسانی بحران میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں مصر کی زیرنگرانی تحریک فتح اور حماس کے مذاکرات ہوئے تھے مگر ان مذاکرات میں کوئی قابل ذکر پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔