رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے نام نہاد جرمانوں کی آڑ میں فلسطینی بچوں سے 85 ہزار شیکل کی رقم بٹور لی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق محکمہ اسیران کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جولائی کے دوران اسرائیل کی ’عوفر‘ نامی فوجی عدالت نے حراست میں لیے بچوں کو 85 ہزار شیکل کے جرمانے وصول کرنے کے بعد رہا کیا۔ امریکی کرنسی میں یہ رقم 23 ہزار امریکی ڈالر بنتی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے 16 فلسطینی بچوں کو عوفر جیل میں منتقل کرنے اور کئی ماہ قید کی سزائیں سنائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج اور پولیس کے ہاتھوں فلسطینی بچوں کی ظالمانہ انداز میں گرفتاریوں، ان پر تشدد اور دوران حراست انہیں اذیت ناک اور غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا۔ گرفتاری کے وقت چھ بچوں کو وحشیانہ انداز میں زدو کوب کیا گیا۔ جولائی میں گرفتار 36 فلسطینی بچوں کو 31 سے 34 ماہ قید کی سزائیں سنائیں۔