مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی محکمہ اوقاف ومذہبی امور نے لرزہ خیز انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے مسجد اقصیٰ کی بنیادوں تلے کی گئی کھدائیوں کے نتیجے میں دیوار براق کا ایک حصہ زمین میں دھنس گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق محکمہ اوقاف کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مسجد اقصیٰ کی مغربی دیوار جو دیوار براق کی دیوار کا بھی حصہ ہے زمین میں دھنس گئی ہے۔فلسطینی عہدیدار نے غیرملکی خبر رساں ایجنسی ’اناطولیہ‘ کو بتایا کہ ایک فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں دیوار براق کے ایک حصے کو زمین بوس دکھایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے فلسطینی ماہرین اور انجینیر تحقیقات کررہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر بھی دیوار براق کی زمین بوس ہونے والے حصے کی فوٹیج وائرل ہوئی ہے۔ اس میں دیوار براق کے کئی پتھروں کو زمین پر گرے دیکھا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ دیوار براق مسجد اقصیٰ کی مغربی تاریخی دیوار کے متصل ہے اور یہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ یہودیوں کے لیے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ یہودی اسے ’دیوار گریہ‘ کے نام سے جانتے ہیں۔
خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ کی بنیادوں تلے کھدائیوں کا سلسلہ کئی سال سے جاری ہے۔ صیہونی ریاست ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسجد اقصیٰ کی بنیادوں تلے کھدائیاں کرکے مقدس مقام کی بنیادیں کمزور کررہی ہے۔