مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی انتہا پسندوں نے ایک بار پھر مسلمانوں کے قبلہ اوّل (مسجد الاقصی) پر حملہ کرکے اس مقدس مقام کی بے حرمتی کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین کے انفارمیشن سینٹرنے خبردی ہے کہ صیہونی انتہا پسندوں نے اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ مل کر باب المغاربہ کی جانب سے مسجدالاقصی پر حملہ کیا۔ مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے حملوں کے بعد اسرائیلی سیکورٹی اہلکاروں نے مسجدالاقصی کے دروازے فلسطینیوں کے لئے بند کردئے اور فلسطینی نمازیوں کو مسجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔بیت المقدس میں اسلامی اوقاف کے پریس دفتر کے سربراہ فراس دبس نے بتایا کہ دس سے زائد صیہونی انتہا پسندوں نے جنھیں اسرائیلی فوجیوں کی پشت پناہی حاصل تھی مسجد الاقصی پر حملہ کیا اور زبردستی اس کے صحن میں داخل ہوگئے۔ صیہونیوں نے مسجد الاقصی کے صحن میں صیہونی رسومات بھی ادا کیں۔ اس دوران صیہونی فوجیوں نے مسجدالاقصی کے ایک خادم کو گرفتار بھی کرلیا۔