مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مختلف شہروں میں وسیع پیمانے پر مشقیں شروع کی ہیں۔ یہ مشقیں غزہ کی پٹی اور شام کے علاقے میں ممکنہ کارروائی اور قبضے کے تناظر میں کی جا رہی ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہ مشقیں ایک ایسے وقت میں جاری ہیں جب غزہ کی پٹی کا محاذ روز بہ روز کشیدگی اختیار کرتا جا رہا ہے۔ دو روز قبل بھی اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر بدترین بمباری کی جس کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے راکٹ حملے بھی کیے۔اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کے نتیجے میں دو فلسطینی بچے شہید اور 25 شہری زخمی ہوگئے۔ فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیل کے درمیان مصر کی ثالثی کے تحت جنگ بندی کی گئی ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ ایک ہفتے تک غزہ کی پٹی پرقبضے کے تناظر کی مشقیں جاری رکھے گی۔ ان مشقوں میں فوج کی وسیع پیمانے پر نقل وحرکت، گاڑیوں اور جنگی طیاروں کے استعمال کے تجربات کیے جا رہے ہیں تاکہ غزہ کی پٹی پر قبضے کی صورت میں فوج کو تیار رکھا جاسکے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ پر قبضے کے تناظر میں ایک ہفتے پر محیط فوجی مشقیں غیراعلانیہ ہیں جن کا پہلے سے اعلان نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی قصبوں اور صیہونی بستیوں پر کم سے کم 200 راکٹ داغے جن میں ہاون راکٹ بھی شامل ہیں۔ ان میں سے بعض راکٹ آئرن ڈون کی جوابی کارروائی میں فضاء ہی میں تباہ کیے گئے جب کہ بعض صیہونی کالونیوں میں گرے ہیں۔