بیت لحم (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے فلسطین کے جنوبی شہر الخلیل کے گورنر کامل حمید کے گھر پر دھاوا بولا اور گھر میں گھس کرخواتین اور بچوں کو زدو کوب کرنے کے ساتھ قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہفتے کو علی الصباح اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے بیت لحم شہر میںÂ واقع الخلیل کے گورنر کی رہائش گاہ کا محاصرہ کیا۔شہر کے وسط میں واقع شاہین چوک میں اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے کامل حمید کے گھر کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر میں گھس کر ان کے اہل خانہ کو ہراساں کیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صیہونی فوج کی بھاری نفری نے کارروائی کے دوران کامل حمید کے گھر کو گھیرے میں لیے رکھا اور کسی فلسطینی کو گھرکی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے الخلیل کے گورنر کے گھر میں گھس کر توڑپھوڑ کی اور نقدی اور قیمتی زیورات لوٹ لیے۔
اس موقع پر فلسطینی شہریوں نے صیہونی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اسرائیلی فوج پر سنگ باری کی گئی۔ اسرائیلی فوج نے احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں سے انہیں نشانہ بنایا۔