غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح میں اسرائیلی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید اور کم سے کم تین زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج نے زخمی ہونے والے دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کی مشرقی سرحد پر حفاظتی باڑ کے قریب کھڑے چار فلسطینیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں ایک 16 سالہ لڑکا بھی شامل ہے جو زخمی حالت میں وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اسے رفح میں یوسف النجار اسپتال داخل کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے زخمی ہونے والے دو فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ غزہ کی سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے ایک فلسطینی کو گولی مار کر قتل کردیا گیا ہے جب کہ متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے امدادی ٹیموں کو بھی جائے وقوعہ کے قریب آنے اور زخمی فلسطینی کو طبی امداد پہنچانے کی اجازت نہیں دی۔
فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق فلسطینیوں کے گرینڈ واپسی مارچ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوجیوں کی وحشیانہ فائرنگ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ایک سو چونتیس ہوگئی ہے۔جبکہ ہزاروں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔